چنئی،12اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور بی جے پی صدر امت شاہ نے آج یہاں واقع اپولو ہاسپٹل کا دورہ کیا جہاں تمل ناڈو کی وزیراعلیٰ جے للتا داخل ہیں۔ذرائع نے کہا کہ یہ دونوں رہنما ہسپتال میں تقریباََ30منٹ تک رہے۔جے للتا کے علاج کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے کے بعد جیٹلی اور شاہ میڈیا سے بات چیت کئے بغیر احاطے سے روانہ ہو گئے۔جیٹلی نے ٹوئٹر پر کہاکہ آج چنئی میں واقع اپولو ہاسپٹیل گیا۔میں تمل ناڈو کی وزیراعلیٰ جے للتا جی کے جلد ہی صحت مند ہونے کا متمنی ہوں۔شاہ نے ٹوئٹر پر کہاکہ تمل ناڈو کی وزیراعلیٰ جے للتا کی صحت کے بارے میں معلومات لینے کیلئے چنئی واقع اپولو ہاسپٹل گیا۔میں ان کے جلد ٹھیک ہونے کا متمنی ہوں۔اس سے پہلے دن میں پانڈیچری کے سابق وزیراعلیٰ این رنگاسامی نے بھی اس ہسپتال کا دورہ کیاتھا۔انہوں نے نامہ نگاروں سے کہاکہ میں خدا سے جے للتا کے جلد صحت مند ہونے کامتمنی ہوں۔قابلِ ذکر ہے کہ انا ڈی ایم کے سربراہ جے للتا کو بخار اور جسم میں پانی کی کمی کی شکایت ہونے کے بعد22ستمبرکو اس ہسپتال میں داخل کرایاگیا۔